گوادر سے کراچی آنے والی پرواز حادثہ سے بچ گئی، طیارے کی پھٹے ہوئے ٹائر کے ساتھ لینڈنگ

متاثرہ طیارے کی کراچی سے سکھر جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی،ترجمان پی آئی اے

کراچی: قومی ائیر لائن کی گوادر سے کراچی آنے والی پرواز نے پھٹے ہوئےٹائرکے ساتھ جناح ٹرمینل پر لینڈنگ کی،گوادر ائر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پرواز نمبر پی کے 504 کے ٹائر پھٹنے کی اطلاع دی گئی۔

ذرائع کے مطابق رجسٹریشن نمبر AP- BKK کے حامل قومی ائرلائن کے اے ٹی آر طیارے کے ٹائر کے ٹکڑے مبینہ طور پر گوادر ائرپورٹ رن وے سے ملے تھے، 60 افراد کے ساتھ کراچی ائرپورٹ پر پائلٹ نے بائیں طرف کے پھٹے ٹائر کے ساتھ نہ صرف طیارے کو جناح ٹرمینل پر اتارا بلکہ بعدازاں ٹیکسی کرتے ہوِئے جہاز کو بے پر بھی لگایا۔

ائیر لائن انتظامیہ کی جانب سے ٹائر ناکارہ ہونے کے باعث متاثرہ طیارے کی کراچی سے سکھر کے لئےجانے والی پرواز نمبر پی کے536 کو منسوخ کردیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے،گوادر سے ٹیک آف کے وقت چیکنگ کے دوران ٹائر میں کوئی مسئلہ نہیں تھا،کپتان نے جناح ٹرمینل پر لینڈنگ بھی معمول کے مطابق ہموار طریقے سے کی۔