اٹلی جانے والے سیاح وہاں کی مہمان نوازی کے گن گاتے ہیں لیکن سوئزرلینڈ کے ایک سیاح کو عجیب واقعہ پیش آیا جس میں پہلے ڈاکوؤں نے ان کی گھڑی اتروائی اور کچھ دیر بعد جعلی ہونے پر اسے واپس کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی شرٹ اور شارٹس میں ملبوس ایک شخص نے سیاح پر پستول تانی اور کلائی پر پہنی گھڑی تیزی سے اتارکر رفوچکر ہوگیا۔ اس کی وجہ یہ سامنے آئی کہ یہ انتہائی قیمتی برانڈ ’رچرڈ ملی‘ کی نقل تھی جس پر اصل کا گمان تھا اور یہی وجہ ہے کہ پہلے ڈاکو نے اسے چھینا اور بعد میں واپس کردیا۔
گھڑی لوٹانے والے شخص نے دو مرتبہ سیاح کو سوری کہا جس کا مقصد یہ ہوسکتا ہے کہ وہ پولیس میں رپورٹ نہ کرے۔ تاہم اصل گھڑی کی قیمت تین لاکھ یورو بتائی جارہی ہے۔ انتظامیہ کےمطابق یہ علاقہ کچھ عرصے سےمجرمانہ سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے جبکہ پولیس ان کی سرکوبی میں مصروف ہے۔
نیپلس میں منتظمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ گروہ رات کے وقت زیادہ سرگرم ہوتے ہیں اس لیے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر کا حکم دیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ 13 اور 14 برس کے بچے بھی پستول تھامے واردات کررہے ہیں۔ اس سےپیازا کی اطراف کا علاقہ شدید متاثر ہوا ہے۔