پیسوں کے بجائے شہریوں کو سونے کے سکے دینے والی اے ٹی ایم مشین

فوٹو: بھارتی میڈیا

فوٹو: بھارتی میڈیا 

ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکالے جاتے ہیں لیکن اگر ہم آپ کو بتائیں کہ اب اے ٹی ایم مشین میں کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ ڈالنے پر  پیسوں کے بجائے سونے کے سکے ملیں گے تو کیا آپ اس بات پر یقین کریں گے؟

آپ کو اس بات پر یقین کرنا پڑے گا کیونکہ بھارتی شہر حیدرآباد میں ملک کی پہلی ایسی اے ٹی ایم مشین سروس کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں سے شہری سونے کے سکے نکال سکیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عام اے ٹی ایم میشن کی طرح دکھنے والی اس  مشین کا نام گولڈ سِکا اے ٹی ایم ہے جس میں  پانچ کلو گرام سونا رکھنے کی گنجائش ہے ۔

اس مشین میں شہریوں کے لیے  0.5 گرام سے 100 گرام تک 8 مختلف کیٹیگریز موجود ہیں جن میں سے کسی کا بھی انتخاب کرکے وہ کریڈٹ کارڈ میں پیسوں کے بدلے سونا نکال سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 3 دسمبرسے  یہ منصوبہ حیدرآباد میں قائم ایک اسٹارٹ کپمنی نے  شروع کیا۔

یہ منصوبہ شروع کرنے والی کمپنی کے صدر نے بتایا ہے کہ شہری اس اے ٹی ایم مشین کا استعمال کرتے ہوئے  جیولرز  کی دکانوں پر جانے کے بجائے یہاں سے  براہ راست سونے کے سکے حاصل کر سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اے ٹی ایم مشین کی سکیورٹی کے لیے اس میں  ایک بلٹ ان کیمرا اور ساؤنڈ الارم سسٹم موجود ہے۔

اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ اگر صارف کے کارڈ سے پیسے کٹ جائیں اور میشن سے سکے نہ نکلے تو صارف کو 24 گھنٹے کے اندر رقم واپس مل جائے گی۔