پولیس کو 9 دن میں 2000 کال کرکے دھمکانے والا شخص گرفتار

جاپانی شخص نے 9 روز میں 2000 سے زائد فون کال کرکے پولیس سے بدزبانی کی اور انہیں ٹیکس چور قرار دیا۔ فوٹو: فائل

جاپانی پولیس نے ایک بزرگ شہری کو گرفتار کیا ہے جس نے نو روز تک مسلسل 2060 مرتبہ کال کرکے پولیس کی ناک میں دم کر رکھا تھا۔

اس شخص نے 30 ستمبر ایک ہی پولیس اسٹیشن کو فون کرنا شروع کیا اور 8 اکتوبر تک مسلسل 2000 سے زائد مرتبہ کال کیں۔ تمام کال میں اس نے پولیس پر سخت تنقید کی اور برابھلا کہا یہاں تک کہ انتہائی سخت گالیاں بھی دیں۔ یوں اس نے ہر چھ منٹ بعد ایک کال کی جن کا دورانیہ 27 گھنٹے بنتا ہے۔

تاہم پولیس نے اپنے امور میں مداخلت، بدزبانی اور ہتک کےمقدمات کے تحت آخرکار 28 نومبر کو اس شخص کو گرفتار کرلیا۔ کاواگوچی کے رہائشی 67 سالہ بزرگ نے تمام فون کالز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا، ’ مجھے معلوم تھا کہ ایک دن پولیس مجھ تک پہنچ جائے گی۔‘

اگرچہ اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ آخر اس نے اتنی کال کیوں کی تھیں اور وہ کیا چاہتا ہے لیکن فون کال کے ریکارڈ سے معلوم ہوا ہےکہ وہ ایک عرصے سے مختلف اداروں کو اسی طرح تنگ کررہا ہے۔ تاہم جاپان میں اس طرح کے عجیب و غریب واقعات عام ہیں۔

2019ء میں 71 سالہ جاپانی نے اپنی فون کمپنی کو 24000 فضول کال کرکے ان سے شکایت کی تھی۔ اس کے بعد سال 2022ء کے اوائل میں 48 سالہ شخص نے مسلسل 9000 مرتبہ فون کرکے ٹرین بک کروائیں اور آخری منٹ پر اسے کینسل کردیا تھا۔