گومل یونیورسٹی کا کمپیوٹر آپریٹر کے پی ہاؤس اسلام آباد کا انچارج تعینات

وزیراعلیٰ محمود خان کے پی ایس او نے اپنے بھائی کو کے پی ہاؤس اسلام آباد کا کمپٹرولر بنوایا: ذرائع۔ فوٹو فائل

وزیراعلیٰ محمود خان کے پی ایس او نے اپنے بھائی کو کے پی ہاؤس اسلام آباد کا کمپٹرولر بنوایا: ذرائع۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گومل یونیورسٹی کے کمپیوٹر آپریٹر کو کے پی ہاؤس اسلام آباد کا انچارج لگا دیا۔

ذرائع کے مطابق محمود خان کے پی ایس او نے اپنے بھائی کو کے پی ہاؤس اسلام آباد کا کمپٹرولر بنوایا اور انجم نیاز نے چارج سنبھالتے ہی 22 ڈیلی ویجز ملازمین بھی بھرتی کر لیے، کے پی حکومت نے گریڈ 18 کی پوسٹ پر گریڈ 16 کا کمپیوٹر آپریٹر تعینات کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کمپٹرولر کے پی ہاؤس اسلام آباد انجم نیاز کے زیر استعمال تین گاڑیاں ہیں، انجم نیاز کو سرکاری طور پر پیٹرول بھی دیا جا رہا ہے اور کنونس الاؤنس بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق انجم نیاز سرکاری گھر میں رہائش پذیر ہیں اور ہاؤس رینٹ بھی لے رہے ہیں، گھر کے بجلی اور گیس کے بل سرکاری خزانے سے ادا کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی ہاؤس کے بل انجم نیاز کے بھائی پی ایس او ٹو چیف منسٹر ویریفائی کرتے ہیں۔

کمپٹرولر کے پی ہاؤس انجم نیاز کا اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری تعیناتی ڈپارٹمنٹ نے کی ہے، میری تعیناتی سے متعلق ڈپارٹمنٹ سے بات کریں۔