کے پی میں سیلاب کے نام پر آنیوالا پیسا سیاسی بنیادوں پر تقسیم ہو رہا ہے، عنایت اللہ

فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی)  اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ  نے الزام لگایا ہےکہ سیلاب کے نام پر آنے والا پیسا سیاسی بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عنایت اللہ کا کہنا تھا کہ سیلاب والے علاقوں میں پیسا خرچ کیا جاتا تو آج اتنا نقصان نہ ہوتا، حکومت بالائی اضلاع  پر  توجہ دے تو  زیریں علاقوں کو سیلاب سے نقصان نہیں ہوگا۔

عنایت اللہ کا کہنا تھا کہ سیلاب کے نام پر آنے والا پیسا سیاسی بنیادوں پر تقسیم کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف نے سیلاب پر اپنے ورکرز فوکل پرسن بنائے ہوئے ہیں، سیلاب فنڈ شفاف طریقے سے لوکل گورنمنٹ یا  آرمی کے ذریعے تقسیم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے تشویش ناک پیشین گوئیاں ہیں، کمراٹ میں آئندہ 3 سے 4 سال تک سیاحت بحال نہیں ہو سکتی، کوہستان اور  اپر دیر سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں۔