کے الیکٹرک کے بڑے بریک ڈاؤن سے شہر کو پانی کی سپلائی متاثر

فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: دابیھجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے سبب شہر کو پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی ہے۔ 

واٹر بورڈ حکام کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ دابیھجی پمپنگ اسٹیشن پر آج صبح 5 بجے کے الیکٹرک کی جانب سے بڑے بریک ڈاؤن کے سبب 72 انچ قطر کی تین لائنیں متاثر ہوئیں، اطلاع ملنے پر واٹر بورڈ حکام موقع پر پہنچ گئے اور متاثر لائنوں کا مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا۔

واٹر بورڈ حکام کے مطابق کے بریک ڈاؤن کے بعد دابیھجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی 6 بج کر 30 منٹ پر بحال ہوئی، حکام کا کہنا تھا کہ تمام فیڈرز سے کے الیکٹرک کی سپلائی اچانک سے بند ہونے کے باعث پمپنگ مکمل بند ہو گئی تھی جسکی وجہ سے شہر کو 125 ایم جی ڈی پانی کا شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

واٹر بورڈ حکام کے مطابق متاثرہ لائنوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا گیا ہے جبکہ  شہر کو پانی کی فراہمی متبادل پمپس سے شروع کردی گئی ہے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ محمد رفیق قریشی نے افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثر لائنز کا مرمتی کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔