کیا عثمان بزدار اور محمود خان کی تقرری میرٹ پر تھی؟ خواجہ آصف کا عمران خان سے سوال

فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

وزیر دفاع  خواجہ آصف نے کہا ہےکہ پاک فوج میں ساری تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں،کیا عمران خان نے تقرریاں میرٹ پر کیں،کیا عثمان بزدار  اور  خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کی تقرری میرٹ پر تھی؟

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری پر عمران نے بات کی، کل انہوں نے اس کو نیا مطلب پہنایا، یہ سوچی سمجھی سازش ہے کہ اداروں کو  متنازع بنایا جائے، ہمیشہ  فوج چار ، پانچ نام بھیجتی ہے اور  وزیراعظم مشاورت سے ایک کا انتخاب کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آخری 24 یا 48 گھنٹوں میں وزیراعظم اپنا مائنڈ میک اپ کرتے ہیں ، عمران  خان بتائیں فوج میں کب تقرریاں میرٹ پر نہیں ہوئیں، اقتدار میں نہیں تو فوجی قیادت پر تنقید کر رہے ہیں، صدر مملکت نے بھی ان کے بیان سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان  بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور میں کون سی تقرریاں میرٹ پرکی ہیں،کیا عثمان بزدار اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کی تقرری میرٹ پر تھی؟  بی آر ٹی کی تحقیقات دفن کرنا اور توشہ خانہ پر بات نہ کرنا کیا میرٹ ہے؟  آج عمران کی پارٹی میں ان کا دفاع کرنے والا کوئی نہیں۔