پی ٹی آئی نے اپنے ایم این ایز کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی

فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو چیلنج کردیا۔

 رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمٰی میں چیلنج کیا ہے۔

 تحریک انصاف کی جانب سے اپیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے دائر کی ، درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ عدالت اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے۔

 درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ  تحریک انصاف نے عوام سے تازہ مینڈیٹ لینے کے لیے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے چکے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسمبلی فلور  پر تحریک انصاف کے 125 ارکان کے استعفوں کی منظوری کا اعلان کیا تھا، اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی مرحلہ  وار استعفوں کی منظوری طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔