پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج پہلے ٹی ٹوئنٹی میں آمنے سامنے ہوں گی

فوٹو:پی سی بی

فوٹو:پی سی بی

پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں آج نیشنل اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے، سیریز کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور گزشتہ روز  ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔

انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گے۔

کپتان معین علی کا کہنا ہے کہ شاید بٹلر آخری دو میچز کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

دوسری جانب گرین شرٹس ہوم کنڈیشنز میں حریف کو زیر کرنے کیلئے پر امید ہے۔

اعداد و شمار دیکھیں تو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان اب تک کل 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 13 میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ گرین شرٹس صرف 6 میچز جیت سکی ہے اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

2015 شارجہ میں ہونے والا میچ انگلینڈ نے ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور پر جیتا تھا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔