وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان

فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 5 ارب روپے مختص کرنے اور فلڈ ریلیف فنڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں۔ فلڈ ریلیف فنڈ کی پائی پائی متاثرین پر خرچ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تونسہ، ڈی جی خان اور راجن پور میں جانی و مالی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس ہے، جو کچھ انسانی بس میں ہوا، سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کر گزریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے، امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج کا تعاون لائق تحسین ہے، پاک فوج نے لوگوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنایا جس پر کور کمانڈر ملتان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔