وزیراعظم ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات اور جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ

فوٹو: پی ایم او

فوٹو: پی ایم او

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے براستہ لندن امریکا کے لیے روانہ ہوگئے۔

برطانوی حکومت کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف پیر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

 وزیراعظم بعد میں اقوام متحدہ کےجنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے۔

لندن روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ائیربیس پر سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس میں گفتگو کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس سی او میں چین کے صدر اور دیگر غیر ملکی شخصیات بھی تھیں، ایران اور  ترکیہ کے صدور سمیت دیگر رہنماؤں کا سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر شکریہ ادا کیا، غیر ملکی صدور  نے  پوچھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے مزید کیا امداد درکار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غیر ملکی شخصیات کوبتایاکہ سیلاب میں جو گھر تباہ ہوئے ان  کے بجلی بل معاف کردیے، سیلاب متاثرین کے لیے وفاق کی مشینری اور افواج پاکستان مل کرکام کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین میں بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت 30 ارب روپے تقسیم کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی بہت ماناہوا سسٹم ہے، غیرملکی ایجنسیاں بھی تسلیم کرتی ہیں، غیر ملکی سربراہان کو حکومت کی جانب سے ریلیف سرگرمیوں سے آگاہ کیا، سیلاب سے متاثرہ چھوٹے بچوں کو خوراک کی شدید ضرورت ہے،سیلاب متاثرین میں فی خاندان 25 ہزار  روپے مالی امداد سے آگاہ کیا،کروڑوں افراد کے لیے آنے والی سردیوں میں کمبل کی ضرورت ہے، کروڑوں افراد امداد کے لیے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔