محمود خان کا اپنے زیر استعمال ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرنے کا اعلان

صوبے کی عوام میرے اپنے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کاشریک ہوں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا— فوٹو: فائل
صوبے کی عوام میرے اپنے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کاشریک ہوں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا— فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے اپنے زیر استعمال ہیلی کاپٹرکوسیلاب متاثرین کیلئے وقف کرنے کا اعلان کردیا۔

محمود خان کا کہنا تھاکہ صوبے کی عوام میرے اپنے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کاشریک ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ صوبے بھر کے متاثرین سیلاب کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

خیال رہے کہ ضلع لوئر کوہستان کے علاقے سناگئی دوبیر میں 5 دوست تین گھنٹے تک پھنسے رہنے کے بعد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق پانچوں دوست اچانک سیلابی ریلے کی زد میں آنے کے بعد ایک بلند پتھر پر چڑھ گئے اور تین گھنٹے تک وہ حسرت اور بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

پانچوں دوست امداد کا انتظار کرتے رہے مگر کوئی سرکاری ادارہ یا ریسکیو ٹیم نہ پہنچی۔

شہریوں کے مطابق اگر انتظامیہ چاہتی تو ایک گھنٹے میں پشاور یا گلگت سے ہیلی کاپٹر بھی پہنچ سکتا تھا مگر کوئی نہ آیا تو مقامی افراد نے رسیوں کے ذریعے انہیں نکالنے کی آخر کوشش کی مگر وہ تیز موجوں کی نذر ہوگئے۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور شہریوں نے حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو ریسکیو نہ کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔