عالمی تنظیموں اور مالی اداروں کا سیلاب زدگان کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد فوری امداد کا اعلان

بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کی مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کا خیر مقدم کرتا ہوں، حکومت سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے: وزیراعظم— فوٹو: فائل

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اپیل پر بین الاقوامی تنظیموں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں نے 50 کروڑ ڈالر سے زائد فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کی مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کا خیر مقدم کرتا ہوں، حکومت سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلا رہی ہے، حکومت نے مشکل معاشی صورتحال میں ہونے کے باوجود فلڈ ریلیف کیش پروگرام شروع کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے آپریشن کر رہی ہے، ریسکیو کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی اور تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر پر کام کریں گے۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیراعظم کو 35 کروڑ ڈالر کی فوری امداد سے آگاہ کیا، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کی تعریف کی، ورلڈ بینک یہ امداد رواں ہفتے کے آخر تک مکمل طور پر فراہم کر دے گا۔

اعلامیے کے مطابق ورلڈ فوڈ پروگرام نے سیلاب متاثرین کیلئے 11 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا جبکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے 2 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یوکے ایڈ نے 15 لاکھ پاؤنڈ کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ یوکےایڈ نے سیلاب متاثرین سےمتعلق منصوبوں کیلئے 3 کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔