شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جوان شہید

پاک فوج کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا: آئی ایس پی آر— فوٹو: فائل

پاک فوج کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا: آئی ایس پی آر— فوٹو: فائل

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوتوئی میں دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر پر سرحد پار افغانستان سے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی۔

مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران جعفرآباد کے 34 سالہ سپاہی نذر محمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے توقع کی کہ عبوری افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔