سیلابی صورتحال، ملک کے 4 ایکسپریس ہائی ویز عام سفر کیلئے خطرناک قرار

اب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل کمپنیاں زیرو بیلنس پر بھی کال کی سہولت دیں گی— فوٹو: فائل

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر ملک کی تین موٹر ویز اور ایکسپریس ویز کو عام نوعیت کے سفر کیلئے خطرناک قرار دے دیا ہے اور اس سلسلے میں جاری سفری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کا کہا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس نے شہریوں کو موٹروے (M-1)، ہزارہ ایکسپریس وے، (E-35)، مری ایکسپریس وے، (N-75) اور سوات ایکسپریس وے (M-16) پر غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے پولیس کی عوام کو سیلاب کے خطرے کے پیش نظر متاثرہ قومی شاہراہوں پر سفر نہ کرنے کی ہدایات ہیں۔ آئی جی موٹروے پولیس خالد محمود نے سیلاب کے پیش نظر قومی شاہراہوں پر افسران کو الرٹ اور چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹر وے پولیس مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدہ قومی شاہراہوں میں متاثرین کی ہر ممکن اور بروقت مدد کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس خالد محمود نے کہا ہے کہ شہری قومی شاہراہوں پر سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کریں۔

ترجمان کے مطابق موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہری قومی شاہراہوں پر محتاط ڈرائیونگ کریں۔