بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین میں 19 ارب روپے تقسیم کردیےگئے

فوٹو:@bisp_pakistan

فوٹو:@bisp_pakistan

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملک بھر کے سیلاب زدہ خاندانوں میں اب تک 19 ارب روپےکی مالی امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے ذریعے 25 ہزار  روپے فی خاندان مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مطابق  اب تک7 لاکھ 89 ہزار 631 سیلاب متاثرہ خاندانوں میں نقد رقم تقسیم کی جاچکی ہے،   اس وقت فلڈ ریلیف کیش کی 25,000 روپے کی امدادی رقم سیلاب متاثرہ خاندانوں کو دی جارہی ہے،  اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد بینظیر کفالت کی سہ ماہی قسط کی ادائیگی شروع کر دی جائے گی۔

سپورٹ پروگرام کا کہنا ہےکہ  وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ہفتے اور اتوار کو بھی ادائیگی مراکز کھلے رہیں گے۔