[ADINSERTER AMP] [ADINSERTER AMP]

بارش اور سیلاب سے مزيد 57 اموات، تعداد 1250 سے تجاوز کر گئی

این ڈی ایم اے کے مطابق خيبرپختونخوا میں 17 ،کشمير اور بلوچستان میں 1،1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔فائل فوٹو

ملک میں ہونے والی مون سون بارشوں اور سيلاب کی تباہ کارياں تاحال جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزيد 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 38 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ خیبر پختونخوا میں 17 اموات ریکارڈ کی گئیں، اس کے علاوہ کشمیر اور بلوچستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 24گھنٹوں میں مزيد 57 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 1265 ہو گئی ہے جبکہ زخمی افراد کی کل تعداد 7683 ريکارڈ ہو گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 24 گھنٹوں میں 22 مرد، 18 خواتین اور 17 بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبوں کی مناسبت سے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے 470 افراد جاں بحق اور 7204 افراد زخمی ہوئے جب کہ خيبرپختونخوا میں اب تک اموات کی تعداد 285 ہے۔