اداروں کیخلاف توہین آمیز بیانات رکوانے کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

درخواست میں پیمرا، الیکشن کمیشن اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے (فوٹو فائل)

سپریم کورٹ میں اداروں کے خلاف توہین آمیز بیانات کا سلسلہ رکوانے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

مشترکہ درخواست مختلف شہروں کے 6 شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں پیمرا، الیکشن کمیشن اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آرٹیکل 19 میں اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں۔آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے پر کچھ قدغنیں بھی ہیں، لہٰذا وفاقی حکومت کو توہین آمیز بیانات کا سلسلہ روکنے کے لیے کوڈ آف کنڈکٹ تیار کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کرکے اداروں، حکام اور سرکاری ملازمین کی تضحیک کا سلسلہ روکا جائے، وفاقی حکومت کو موجودہ اظہار رائے کے قوانین پر نظر ثانی کرنے کا حکم دیا جائے اور فریقین کو آرٹیکل 19 پر من و عن عمل در آمد یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔