ٹی 20 کی تاریخ کا کم ترین اسکور، سڈنی تھنڈرز کی ٹیم 15 رنز پر آل آؤٹ

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے سڈنی تھنڈرز کو 140 رنز کا ہدف تھا / ٹوئٹر فوٹو
ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے سڈنی تھنڈرز کو 140 رنز کا ہدف تھا / ٹوئٹر فوٹو

آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں سڈنی تھنڈرز نے ٹی 20 کرکٹ کا ایک ایسا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا جو یہ ٹیم کبھی حاصل نہیں کرنا چاہتی تھی۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 140 رنز کا ہدف سڈنی تھنڈرز کو دیا۔

ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈرز کی پوری ٹیم محض 15 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے 124 رنز سے میچ جیت لیا۔

یہ ٹی 20 کی تاریخ میں کسی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔

درحقیقت سڈنی تھنڈرز کی ٹیم پاور پلے کے اندر ہی 5.5 اوورز یا 35 گیندوں میں آل آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل ٹی 20 کی تاریخ میں آج تک پاور پلے کے اندر کوئی ٹیم آل آؤٹ نہیں ہوئی تھی۔

حیران کن بات یہ ہے کہ سڈنی تھنڈرز کی ٹیم میں ایلکس ہیلز، رائیلی روسو اور کرس گرین جیسے کھلاڑی موجود تھے، مگر وہ بھی کچھ نہ کرسکے۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے ہینری تھورٹن نے 3 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹی 20 کی تاریخ کا کم ترین اسکور 21 تھا جو ترکیہ نے 2019 میں چیک ری پبلک کے خلاف میچ میں بنایا تھا۔