نیلامی میں خریدے گئے بیگ سے انسانی باقیات برآمد

پولیس باقیات کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور قتل کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں: رپورٹ—فوٹو فائل
پولیس باقیات کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور قتل کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں: رپورٹ—فوٹو فائل

نیوزی لینڈ میں ایک خاندان کے نیلامی میں خریدے گئے پرانے سوٹ کیس میں سے انسانی باقیات نکل آئیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پولیس باقیات کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور قتل کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں تاہم پولیس کے مطابق اہل خانہ پر شک نہیں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مبینہ طور پر اس خاندان نے تقریباً ایک ہفتہ قبل ایک مقامی اسٹوریج کمپنی سے مختلف سامان خریدا جس میں سوٹ کیس بھی شامل تھے۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ بولی لگانے والوں کے لیے یہ عام بات ہے کہ انہیں ترک شدہ اشیاء کو خریدنے سے پہلے معائنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

پڑوسیوں کی جانب سے مقامی میڈیا کو بتایا  گیا کہ انہیں اس سامان سے بو آئی جس کے بعد انہوں نے مذکورہ خاندان سے سوٹ کیس کھولنے کا کہا، سوٹ کیس کھولنے پر اس میں انسانی جسم کے کچھ ٹکڑے ملے جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا۔