نامزد اسرائیلی وزیر خزانہ کا ملکی اقتصادی حکمت عملی توریت کے مطابق بنانےکا اعلان

فوٹو: فائل

اسرائیل کے نامزد وزیر خزانہ نے کہا ہےکہ ان کی اقتصادی حکمت عملی توریت میں بیان کردہ ہدایات کے مطابق ہوگی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی صیہونیت پارٹی کے سربراہ بیزیل سموٹریچ کو آنے والے وزیر اعظم نیتن یاہو نے دو سال تک وزیر خزانہ کے طور پر کام کرنے کے لیے نامزد کیا ہے۔

بیزیل سموٹریچ کا کہنا ہے کہ وہ وزیر خزانہ کی حیثیت سے توریت کے مطابق اقتصادی حکمت عملی بنائیں گے جس سے ملک کی ترقی میں مدد ملے گی، توریت کے مطابق خدا کی اطاعت کرنے سے ہی خوشحالی آتی ہے۔

صیہونیت پارٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ ملکی معیشت کا گہرائی سے جائزہ لیں گے، انہوں نے آنے والی حکومت کے بجٹ میں مذہبی تعلیم کے لیے نمایاں اضافے کی تجویز بھی دی۔

خیال رہے کہ نیتن یاہو نے یکم نومبر کے انتخابات میں کامیابی کے بعد پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرلی ہے تاہم ابھی ان کا اتحادی جماعتوں سے معاہدوں کو حتمی شکل دینا باقی ہے، تب تک نگران حکومت ہی قائم رہے گی۔