نئے آرمی چیف کی تعیناتی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، امریکا

فوٹو:فائل

امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 75 برس سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات اہم رہے ہیں،خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

امریکی وزارت خارجہ کے مطابق ٹی ٹی پی جیسے خطرات سے نمٹنا پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے، انسداد دہشت گردی کیلئے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروہوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی توقع ہے۔اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی دہشتگردی کے خلاف تعاون اور کوششوں کی امید رکھتے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے مطابق دو دہائیوں میں پاکستانی عوام دہشت گرد حملوں سے بری طرح متاثر ہوئی، ہر قسم کی دہشت گردی سے مقابلے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔