میاں، بیوی کے بعد بیٹی کی بھی تاریخ پیدائش یکساں

فوٹو: امریکی اسپتال سوشل میڈیا

فوٹو: امریکی اسپتال سوشل میڈیا

امریکا میں قدرت کا ایک ایسا عجیب اتفاق ہوا کہ میاں بیوی کے بعد اب ان کی بیٹی کی تاریخ پیدائش بھی یکساں ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 دسمبر کی تاریخ امریکی شہری کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ اس دن نہ صرف اس کی اور بیوی کی سالگرہ ہوتی ہے بلکہ اب نومولود بیٹی کا جنم بھی اسی تاریخ کو ہوا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی جوڑے کے ہاں  اتوار کو الاباما کے ایک مقامی اسپتال میں بیٹی کی پیدائش ہوئی البتہ بچی کی پیدائش کی تاریخ نے جوڑے کی خوشی کو مزید یادگار بنا دیا۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ پہلے بچے کی پیدائش کسی بھی خاندان کے لیے ایک پرجوش لمحہ ہوتا ہے لیکن اس امریکی جوڑے کے لیے یہ لمحہ کچھ زیادہ ہی خصوصیت کا حامل ہے کیونکہ میاں بیوی اور اب بیٹی کی تاریخ پیدائش ایک ہی ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق ایسا عجیب اتفاق ایک لاکھ 33 ہزار  واقعات میں  ایک بار ہوتا ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق امریکی جوڑے کےہاں بیٹی جس کا نام لینن رکھا ہے 18 دسمبر کو صبح ساڑھے 12 بجے  پیدا ہوئی۔

اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی اور نومولود بیٹی کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔