ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے حکومت کا ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ

برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کئے جائیں. وزیراعظم کی ہدایت

ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے حکومت نے اہم اقدام اٹھا لیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کئے جائیں، سیاحت، فارما، آئی ٹی، ای کامرس، بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ اور زراعت پر ٹاسک فورس بنائی جارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان میں ایکپسورٹ کوالٹی کی زرعی اجناس کی پیداوار یقینی بنا رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ پالیسیوں کے تسلسل کی بات ہم نے کی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکن بزنس کونسل کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں فارما، فوڈ پراسیسنگ، آئی ٹی سیکٹر، ای کامرس، ریٹیل سیکٹر، ٹیکسٹائل، سپورٹس اور لاجسٹکس کے شعبوں کے نمائندوں، وفاقی وزراء نوید قمر، مخدوم مرتضی محمود، مریم اورنگزیب اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔
وزیرِاعظم نے سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر تمام مسائل کا سدِ باب کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔