فیفا کیجانب سے ورلڈکپ 2026 کے فارمیٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ

فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈکپ 2026 کے فارمیٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔

فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے تصدیق کی ہے کہ  قطر میں جاری  ورلڈ کپ میں چار ٹیموں پر مشتمل گروپ والے فارمیٹ کی کامیابی کے بعد گورننگ باڈی 2026 کے ورلڈ کپ کے فارمیٹ پر نظر ثانی کرے گی۔

قطر میں جاری ورلڈکپ میں 32 ٹیمیں شریک تھیں جنہیں 4 ٹیموں پر مشتمل 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا، ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیموں نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا،  یہ فارمیٹ 1998 سے چلا آرہا تھا۔

تاہم رواں ورلڈکپ اس فارمیٹ کا آخری ورلڈکپ ہے کیوں کہ فیفا کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے کہ  امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں شیڈول 2026 کا فٹبال ورلڈکپ زیادہ طویل ہوگا۔

2026 کے ورلڈکپ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ ٹورنامنٹ میں موجودہ 32 ٹیموں کے فارمیٹ کے بجائے 48 ٹیمیں شامل ہوں گی اور 16،16 ٹیموں کو 3 گروپ میں تقسیم کیا جائے گا۔

تاہم فیفا کی جانب سے ورلڈکپ میں 4 ٹیموں کے گروپ  والے  فارمیٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2026 کا ورلڈکپ بھی اسی فارمیٹ پر کرائے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق جمعہ کو دوحہ میں فیفا کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے فیفا کے صدر نے کہا کہ چار ٹیموں کا گروپ شاندار رہا، آخری میچ کے آخری لمحات تک آپ کو معلوم نہیں تھا کہ کون آگے جائے گا جس وجہ سے ٹورنامنٹ میں دلچسپی پیدا ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اگلی میٹنگ میں  ورلڈکپ 2026کے فارمیٹ پر نظرثانی کرنا ہوگی۔