فٹبال کے متوالے نے 11 ورلڈکپ میں شرکت کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈز

شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اس بات کو سچ ثابت کردکھایا ہے 75 سالہ فٹبال کے مداح نے جس نے سب سے زیادہ فیفا ورلڈکپ میں شرکت کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔

کھیل سے جڑا ہر مداح چاہتا ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کھیل میں اپنی فیورٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے میدان میں بھی جائے،ان میں سے کچھ متوالے ایسے بھی ہوتے ہیں کہ وہ ہر بڑے ایونٹ میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچ جاتے ہیں۔

برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے ہی متوالے نے سب سے زیادہ فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کرنے کا ریکارڈ بنادیا۔

75 سالہ ڈینیئل بروزی جو پیشے سے ڈینٹسٹ ہیں گزشتہ 44 سال سے فٹبال ورلڈکپ میں برازیل کو سپورٹ کرنے میدان میں پہنچ جاتے ہیں۔

فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈز
فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈز

گنیزورلڈ ریکارڈز کے حکام کے مطابق ڈینیئل نے گزشتہ 44 سال کے دوران ہونے والے فیفا ورلڈکپ میں سوائے اسپین میں ہونےو الے 1982 کے ورلڈکپ میں شرکت نہیں کی۔

اتوار کو ختم ہونے والے ورلڈکپ کے لیے گزشتہ ماہ قطر پہنچ کر ڈینیئل نے سب سے زیادہ 11 فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے کا گنیز ریکارڈ قائم کیا۔

ڈینیئل کا فیفا ورلڈکپ میں بحیثیت مداح شرکت کرنے کا سفر 1978 میں ارجنٹینا میں ہونے والے ورلڈکپ سے شروع ہوا اس کے بعد وہ اب تک 11 ورلڈکپ میں برازیل کو سپورٹ کرنے میدان میں پہنچے۔

فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈز
فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈز

گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام شامل ہونے کے بعد ڈینیئل کا کہنا ہے کہ یہ ‘زبردست ہے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ ان سے دوسرے لوگ بھی متاثر ہوں اور فیفا ورلڈکپ میں شرکت کرکے کوئی میرا ریکارڈ بھی توڑے’۔

رپورٹس کے مطابق ڈینیئل کا کہنا ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہونے کے باوجود میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا، میں 2026 کے ورلڈکپ میں برازیل کو سپورٹ کرنے پہنچوں گا۔