’عمران اچانک نازل نہیں ہوا، منصوبہ سازوں نے تہیہ کر لیا تھا اسے ریاست پر مسلط کرنا ہے‘

سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کےتحت ورکرز کنونشن کاانعقادکیا گیا__فوٹو: فائل

سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کےتحت ورکرز کنونشن کاانعقادکیا گیا__فوٹو: فائل

وزیر دفاع اور  پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ عمران خان کے محسن لیکن یہ شخص محسن کش ہے، صبح شام اپنے محسنوں پر لعن طعن کرتا ہے ۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ  عمران خان کہتا ہے کہ میں نے باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر غلطی کی،جنرل باجوہ کےپاس جاکرکہتا رہا میں تاحیات آرمی چیف بنانےکی پیشکش کرتا ہوں۔

وزیر دفاع نے خطاب میں کہا باقاعدہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایاگیا، وہ شخص نئی نسل کو تباہ کرکے آوازیں دے رہا ہے کہ اسے الیکشن دیے جائیں۔

انہوں نے کہا عمران خان اچانک نازل نہیں ہوا، اسے ایجنڈے کے تحت لانچ کیا گیا، منصوبہ سازوں نے تہیہ کر لیا تھا کہ اسے ریاست پر مسلط کرناہے، اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، عمران خان ایک تجربہ تھا جسے 13-2012 میں لانچ کیا گیا تھا، یہ غلط اور تباہی کا تجربہ تھا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سات آٹھ ماہ سے کوشش میں ہیں کہ ملک کو دوبارہ پٹری پر ڈالا جائے،مسلم لیگ ن نے ریاست اور سیاست کا بیڑا دوبارہ اٹھایا، جس طرح نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا تھا اسی طرح ملک کو دبارہ ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔

دوران خطاب خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں تین چار سال جیلیں، قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں، عمران خان کہتا تھا برطانیہ میں انصاف ہوتا ہے، شہباز شریف کو وہاں سے انصاف ملا، آج وہ کہاں ہے جو کہتا تھا اللہ کو جان دینی ہے، منشیات کے جھوٹے کیس میں مرد مجاہد رانا ثنااللہ باعزت بری ہوا۔

پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع بولے انہوں نے انصاف کے راستے بند کیے، ہم پر زمین تنگ کی گئی لیکن ہمارا رب دیکھ رہا تھا، عمران خان نے خانہ کعبہ والی گھڑی بیچ دی،کارکن کہتے ہیں خان صاحب بڑا ایماندار ہے لیکن یہ تو بڑا چور نکلا، مرشد نے زلفی بخاری کے ذریعے گھڑیاں بیچیں، اس کی دولت اور اقتدار کی ہوس کی کوئی حد نہیں، یہ گناہ عمران اور  اس کے ساتھیوں کے ذمے آئے گا۔

انہوں نے کہا لوگوں کو کٹے، چوزے بیچتے بیچتے گھڑیاں بیچنا شروع کردیں،عوام کو کٹوں اور چوزوں پر لگا دیا اور مرشد کو گھڑیاں بیچنے پر۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ اسمبلیاں توڑ دوں گا اب توڑے، اور کرو پرویز الہی پر اعتبار،کل کہے گا کہ میں نے پرویز پر اعتبارکرکےغلطی کی۔