[ADINSERTER AMP] [ADINSERTER AMP]

ناسا کا چاند کیلئے آرٹیمس 1 مشن اکتوبر میں روانہ کیے جانے کا امکان

مشن کا لانچ 2 بار منسوخ ہوچکا ہے / رائٹرز فوٹو

ناسا کا آرٹیمس 1 مشن ممکنہ طور پر اکتوبر میں چاند کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

اس مشن کو پہلے 29 اگست اور پھر 3 ستمبر کو روانہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر تکنیکی مسائل کے باعث ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔

مشن کی موجودہ لانچ ونڈو 6 ستمبر تک کی ہے مگر اس کی روانگی ممکن نظر نہیں آتی۔

ناسا کے ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر جم فری نے بتایا کہ ہم اس مشن کو 6 ستمبر کو لانچ نہیں کررہے۔

آرٹیمس کے مشن منیجر Michael Sarafin نے بتایا کہ 3 ستمبر کو عملے نے اسپیس لانچ سسٹم راکٹ کی خرابی کو 3 بار ٹھیک کرنے کی کوشش کی اور پھر اسے نہ بھیجنے کی سفارش کی۔

انہوں نے بتایا کہ ایندھن کے رساؤ کی وجہ ابھی واضح نہیں، مگر آگ بھڑکنے کے خطرے کے باعث مشن کو لانچ نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ میگا راکٹ کو بھیجنے کی پہلی کوشش اس وقت التوا کا شکار ہوگئی تھی جب اس کے ایک انجن میں ایندھن کے مسائل کو دریافت کیا گیا اور عملہ اسے بروقت ٹھیک کرنے میں ناکام رہا۔

اس مشن کی نئی لانچ ونڈو 16 ستمبر سے 4 اکتوبر تک کی ہے۔

مگر ناسا کی جانب سے یہ مشن 17 اکتوبر کے بعد روانہ کیے جانے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے واضح اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔

جم فری کے مطابق ہم اس وقت تک آرٹیمس 1 مشن کو روانہ نہیں کریں گے جب تک ہمیں مکمل اطمینان نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ اس مشن کے لیے اسپیس لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) میگا راکٹ استعمال کیا جارہا ہے جو کہ ناسا کا اب تک کا طاقتور ترین راکٹ ہے جس کے ساتھ اورین اسپیس کرافٹ موجود ہے۔

یہ ناسا کے 5 دہائیوں بعد چاند پر واپس لوٹنے کے آرٹیمس پروگرام کا پہلا مشن ہے جو فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوگا۔

اس مشن میں کوئی انسان موجود نہیں اور یہ بنیادی طور پر مستقبل کے مشنز کے لیے ٹیسٹ فلائٹ ہے۔

اس پرواز میں کوئی انسان تو موجود نہیں مگر انسانی قد و قامت کی ایک ڈمی ضرور اورنج فلائٹ سوٹ پہنے کمانڈر سیٹ پر بٹھائی جائے گی جس میں مختلف سنسرز نصب ہیں۔

اس ‘کمانڈر’ کا نام Moonikin Campos ہے جبکہ مزید 2 پتلے بھی اس مشن کا حصہ ہیں جن کو انسانی ٹشوز سے بنے میٹریل سے تیار کیا گیا ہے تاکہ خلائی ریڈی ایشن کے اثرات کا تجزیہ کیا جاسکے۔

لانچ کے ایک ہفتے بعد یہ مشن چاند کے مدار میں داخل ہوگا، جہاں وہ ایک ماہ تک رہے گا اور پھر اکتوبر کو زمین پر واپس پہنچے گا۔

آرٹیمس 1 کے بعد آرٹیمس 2 مشن میں انسانوں کو خلا میں بھیجا جائے گا اور ایسا 2024ء میں متوقع ہے، البتہ یہ مشن چاند پر لینڈ نہیں کرے گا۔

آرٹیمس 3 وہ مشن ہوگا جس میں خلا بازوں کو 2025 میں چاند پر بھیجے جائے گا اور یہ وہاں کے قطب جنوبی پر لینڈ کرے گا۔

اس مشن کے لیے اسپیس ایکس کے اسٹار شپ لینڈر کو استعمال کیا جائے گا مگر مستقبل کے ان مشنز کا انحصار آرٹیمس 1 کے نتائج پر ہوگا۔

آرٹیمس 1 مشن کی تجویز 2012ء میں پیش کی گئی تھی اور پہلے اسے 2017ء میں لانچ کیا جانا تھا، مگر یہ تاخیر کا شکار ہوتا گیا۔