غیرقانونی تعمیر شدہ 40 منزلہ عمارتیں 9 سیکنڈ میں زمین بوس

دارالحکومت نئی دہلی کےنزدیک 40 منزلہ ٹوئن ٹاورز کو دھماکا خیزمواد سے گرا دیا گیا: فوٹو: اسکرین گریب

بھارت میں غیرقانونی طور پر تعمیر کردہ دو اونچی عمارتیں دھماکہ خیز مواد سے گرادی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کےنزدیک 40 منزلہ ٹوئن ٹاورز کو دھماکا خیزمواد سے گرایا گیا، یہ عمارتیں 9 سال کی قانونی جنگ کے بعد گرائی گئی ہیں۔

103 میٹر بلند جڑواں عمارتیں گرانےکیلئے 3700 کلو بارودی مواد استعمال کیاگیا۔

بھارتی حکام کے مطابق عمارتیں گرانے سے قبل قریبی رہائشیوں سے علاقہ آج صبح پانچ گھنٹوں کےلیے خالی کرا لیاگیا تھا جب کہ اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک بند اور نوئیڈا ایکسپریس وے کو بھی آدھے گھنٹے کے لیے بند کیا گیا۔

بھارتی حکام کے مطابق دونوں عمارتوں کا 80 ہزار ٹن کا ملبہ اگلے تین ماہ میں ٹھکانے لگایا جائے گا، بھارت میں غیرقانونی تعمیرات گرانےکی یہ اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔

یاد رہے تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھارتی سپریم کورٹ نے پچھلے سال دونوں عمارتیں گرانے کا حکم دیا تھا۔