عدالت نے وزیراعظم کو معطل کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیراعظم پریوتھ چان اوچا کو سرکاری امور کی انجام دہی سے معطل کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تھائی لینڈ کی مرکزی اپوزیشن جماعت کی جانب سے وزیراعظم کی 8 سالہ مدت کی حد پر نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی. جس پر آئینی عدالت نے سماعت کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم کو معطل کردیا ہے۔

عدالتی حکم نامےکے مطابق کیس پر فیصلہ آنے تک پریوتھ چان اوچا وزیراعظم کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام نہیں دے سکیں گے۔

عدالت کی جانب سے پریوتھ چان اوچا کو جواب جمع کرانے کے لیے 15 روز کا وقت دیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم کا فوجی سربراہ کے طور پر حکومت میں گزارا ہوا وقت بھی آئینی طور پر طے شدہ 8سالہ مدت میں شمار ہونا چاہیے۔

خیال رہےکہ 2014ء میں تھائی لینڈکے آرمی چیف پریوتھ چان اوچانے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا جس کےبعد وہ 2019ء میں فوج کے تیار کردہ آئین کے تحت ہونے والے انتخابات کے بعد سویلین وزیر اعظم بنے۔

تھائی لینڈ میں آئندہ عام انتخابات اگلے سال مئی میں ہونا ہیں۔