بھارت میں کم عمر بہنوں کا زیادتی کے بعد قتل، لاشیں درخت سے لٹکا دی گئیں

زیادتی کے واقعہ کے بعد مقامی افراد اور اپوزیشن پاڑیز کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا۔فائل فوٹو

بھارتی ریاست اترپردیش میں دو کم عمر بہنوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرکے لاشیں درخت سے لٹکا دی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اترپردیش کے ضلع لکھیم پور میں پیش آیا جہاں دو بہنوں کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا اور پھر لاشوں کو درخت سے لٹکا دیا گیا، زیادتی کے بعد قتل کا نشانہ بننے والی بہنوں کی عمریں 15 اور 17 برس تھیں۔

پولیس کے مطابق لڑکیوں کے اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ دونوں کم عمر بہنوں کو اغوا کرکے ہوس کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے خاندان والوں کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق مزید کارروائی کے لیےدونوں بہنوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئیں ہیں اور تفتیش کے لیے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

زیادتی کے واقعے کے بعد مقامی افراد اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا گیا اور مظاہرین کی جانب سے لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔