آنجہانی ملکہ کی سرکاری تدفین برطانیہ کے 125 سنیما گھروں میں بھی دکھائی جائے گی

فوٹو:غیر ملکی میڈیا

فوٹو:غیر ملکی میڈیا

آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی سرکاری تدفین برطانیہ بھر کے 125 سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔

برطانوی حکومت کے مطابق پارکس،چوک،گرجا گھروں میں بھی تقریب دیکھنے کیلئے اسکرینیں لگائی جائیں گی، اس کے علاوہ ملکہ کے جنازے کی تقریب کو 3 ٹی وی چینلز پر بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔

برطانیہ میں گزشتہ 6 دہائیوں میں یہ پہلا سرکاری جنازہ ہے جو منعقد کیا جا رہا ہے۔

برطانوی شاہی خاندان کے افراد کے علاوہ دیگر ملکوں کے شاہی خاندان کے افراد بھی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تدفین میں شرکت کریں گے،امریکی صدر جو بائیڈن، فرانسیسی صدر،ترک صدر،یورپی کمیشن،یورپی کونسل کے سربراہان سمیت دیگر عالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوں گےجبکہ وزیراعظم شہبازشریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب دنیا بھر سے چند ممالک کے سربراہان کو سیاسی تحفظات کی بنیاد پر مدعو نہیں کیا گیا۔روس،شمالی کوریا، بیلاروس،میانمار کے سربراہان مملکت کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

خیال رہے کہ برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا 8 ستمبر کو انتقال ہوگیا تھا اور ان کی آخری رسومات پیر19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔