طلاق کی افواہیں، شعیب ملک کا انسٹاگرام ‘بائیو’ توجہ کا مرکز کیوں بن گیا؟

حال ہی میں ایک پروگرام کے دوران جب شعیب ملک سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تھا—فوٹو: فائل
حال ہی میں ایک پروگرام کے دوران جب شعیب ملک سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تھا—فوٹو: فائل 

پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار  ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی افواہیں اب تک سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

حال ہی میں شعیب ملک کے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر درج تعارف لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے، انسٹاگرام پر پاکستانی مداحوں سمیت کئی بھارتی مداح کرکٹر کے بائیو کا اسکرین شاٹ شیئر کررہے ہیں۔

دراصل شعیب ملک نے بائیو میں ثانیہ مرزا کا اکاؤنٹ ٹیگ کیا ہوا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ وہ ایک سُپر وومن کے شوہر ہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

لوگوں کی توجہ جب اس جانب گئی تو شعیب اور ثانیہ کے مداحوں نے اس حوالے سے تسلی اور خوشی کا اظہار کیا کہ دونوں کے تعلقات ٹھیک ہیں کیونکہ اگر ایسا نہ ہوتا تو شعیب کے سوشل میڈیا بائیو  پر ایسا نہ لکھا ہوتا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل  خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی 12 سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

تاہم اس حوالے سے دونوں اسٹارز نے اب تک بات نہیں کی۔

حال ہی میں ایک پروگرام کے دوران جب شعیب ملک سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے  جواب دیا کہ  یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے اس کے لیے میں اور میری اہلیہ دونوں میں سے کوئی بھی اس سوال کا جواب نہیں دے رہے لہٰذا اس سوال سے گریز کریں۔