سابق بھارتی کپتان کا مشورہ

بھارتی کپتان روہت شرما انگوٹھے کی انجری کے باعث بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے تھے/فوٹوفائل

بھارتی کپتان روہت شرما انگوٹھے کی انجری کے باعث بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے تھے/فوٹوفائل

بنگلادیش کے خلاف ون ڈے میچ میں انگوٹھے کی انجری کا شکار ہونے والے بھارتی کپتان روہت شرما کو سابق بھارتی کپتان اجے جڈیجا نے  دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بجائے گھر بیٹھنے کا مشورہ دے دیا۔

بھارتی کپتان روہت شرما انگوٹھے کی انجری کے باعث بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے تھے، روہت شرما کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض کے ایل راہول نے سرانجام دیے تھے۔

 تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹس میں 22 دسمبر کو بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں روہت شرما کی واپسی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے لیکن بھارتی میڈیا سمیت سابق بھارتی کھلاڑی بھی روہت کی واپسی کو  سلیکشن  کے حوالے سے درد سر تصور کر رہے ہیں جس کا برملا اظہار سابق کھلاڑی مختلف پروگراموں میں بھی کر رہے ہیں۔

بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں روہت شرما کی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم میں شبمن گل اور چتیشور پجارا نے بہترین سنچریز اسکور کی تھیں، اب امکان ہے کہ روہت کی واپسی ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کسی ایک کو باہر بٹھا سکتی ہے۔

 ان خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سابق کپتان اجے جڈیجا کا ایک پروگرام میں کہنا تھا کہ ’ تب ہی تو بول رہا ہوں کہ روہت کو بولو گھر بیٹھے، جب کسی کھلاڑی کے ہاتھ میں فریکچر ہو اور وہ 10 دن تک بلا نہ پکڑ سکے، اگرچہ وہ ٹھیک ہو بھی جائے تو وہ اگلے دن ٹیم جوائن نہیں کرسکتا اور ہمیں ابھی تک چوٹ کی نوعیت نہیں پتہ، ہم ایک عارضی حل تلاش کر رہے ہیں اور یہ روہت کے لیے بہترین حل ہے کہ وہ گھر بیٹھے۔