دو بہنوں نے 23 سال پہلے مالی مدد کرنے والی اجنبی خاتون کو ڈھونڈ نکالا

1999 میں یوگوسلاویہ کی جنگ سے فرار ہونے والی دو کمسن بہنوں کی امریکہ پہنچنے پر ایک مہربان عورت نے 100 ڈالر سے مدد کی تھی اور اب ان دونوں نے 23 برس بعد اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ فوٹو: سی این این

1999ء میں انارکی اور فسادات کے شکار یوگو سلاویہ سے امریکا پناہ لینے والے دو بہنوں کو ایک اجنبی خاتون نے ان کی غیر معمولی مدد کرتے ہوئے 100 ڈالر رقم دی تھی جس سے انہیں بہت فائدہ ہوا تھا۔ اب انہوں نے 23 برس بعد اس مہربان خاتون کو تلاش کرلیا ہے۔

اب سے 23 برس قبل زوگے اور وانیا کونٹینو کے والد نے انہیں جنگ زدہ یوگوسلاویہ سے طیارے میں بٹھا کر روانہ کر دیا تھا۔ اس غیر یقینی صورتحال میں دونوں نو عمر بہنیں امریکا پہنچیں تو دورانِ پرواز گم سم اور خوفزدہ بہنوں کو ایک خاتون نے لفافے میں 100 ڈالر کی رقم دی تھی جس سے ان کی مشکلات کم ہوئی تھیں۔

اس لفافے پر خاتون کے متعلق صرف اتنا لکھا تھا کہ وہ ٹینس کھیلتی ہیں، ان کا نام ٹریسی پیک ہے اور وہ بلین، منی سوٹا کی رہائشی ہیں۔ دورانِ پرواز دونوں بہنوں نے اپنی شکستہ انگریزی میں ٹریسی کو اپنا دکھڑا سنایا تھا۔ جہاز سے باہر آتے وقت ٹریسی نے انہیں ایک لفافہ دیا جس پر لکھا تھا:

’مجھے افسوس ہے کہ آپ کے ملک میں بمباری جاری ہے اور آپ کا خاندان مصائب کا شکار ہے۔ امید کرتی ہوں کہ امریکا میں آپ کا رہنا محفوظ اور بامسرت ہوگا۔ امریکا میں خوش آمدید، برائے مہربانی اسے اپنی مدد میں استعمال کیجئےگا۔‘

طیارے میں آپ کی دوست

ٹریسی

جب زوگے اور وانیا نے لفافہ کھولا تو اس میں 100 ڈالر کی رقم تھی جو ان کے بہت کام آئی تھی۔ یہاں تک کہ دونوں بہنوں نے 23 برس تک لفافہ سنبھال کر رکھا۔ تاہم انہیں معلوم نہ تھا کہ ایک دن شفیق اجنبی عورت کی یہ نشانی انہیں ملانے کا ذریعہ بھی بن جائے گا۔ ہاتھ سے لکھے اس لفافے پر اب تک ایک شکن بھی نہیں آئی ہے۔

یہ کہانی امریکی نیوز چینل پر پہنچی تو انہوں نے اس کی شناخت شروع کردی اور جلد ہی ٹریسی کا پتا چل گیا۔ آخرکار انہیں سی این این ہیرو نامی پروگرام میں مدعو کیا گیا۔

ٹریسی کے پہنچنے سے قبل زوگے اور وانیا دونوں کرسمس درخت کے پیچھے چھپ گئیں اور جیسے ہی ٹریسی قریب آئیں تو دونوں نے انہیں خوش آمدید کہا اور بغل گیر ہوکر تینوں دیر تک روتی رہیں۔ اس حیرت انگیز کہانی پر پورے امریکا سے ہزاروں پیغامات اور ای میل موصول ہوئیں اور لاکھوں افراد نے یہ پروگرام دیکھا،

1999 میں وانیا کونٹینو کی عمر 17 اور زوگے صرف 12 سال کی تھیں جب ان کے والدین نے بحالت مجبوری انہیں الوداع کہا تھا۔ اب وانیا کنیکٹکٹ میں ایک کامیاب انیستھیسیا لوجسٹ ہیں جبکہ 35 سالہ زوگے بوسٹن میں خاتونِ خانہ ہیں۔