ملکہ الزبتھ دوم کا ‘خفیہ خط’ جسے 2085 تک کھولا نہیں جاسکتا

ملکہ الزبتھ دوم / اے ایف پی فوٹو
ملکہ الزبتھ دوم / اے ایف پی فوٹو

حال ہی میں انتقال کرجانے والی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا تحریر کردہ ایک خط آسٹریلیا میں  چھپا کر رکھا گیا ہے جسے مزید 63 سال تک پڑھنا ممکن نہیں۔

ملکہ الزبتھ دوم نے نومبر 1986 میں سڈنی کے دورے کے موقع پر یہ خط تحریر کیا تھا، یعنی 36 سال ہوچکے ہیں۔

یہ خط انہوں نے سڈنی کے عوام کے لیے تحریر کیا تھا جسے خفیہ طریقے سے سڈنی کی تاریخی کوئین وکٹوریہ بلڈنگ میں محفوظ کردیا گیا تھا۔

بظاہر کسی کو بھی معلوم نہیں کہ اس خط میں کیا لکھا ہے کیونکہ یہ خط جس لفافے میں رکھا گیا ہے، اس کے سامنے واضح طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ کب اسے کھولنا ہے۔

لفافے پر ملکہ الزبتھ دوم کے دستخط کے ساتھ لکھا کہ ‘سال 2085 میں کسی موزوں دن اس لفافے کو کھولا جائے گا اور پھر سڈنی کے عوام تک میرا پیغام پہنچایا جائے گا’۔

اب یہ لفافہ ایک گلاس کیس کے اندر موجود ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی تخت کا مالک آسٹریلیا کا بھی سربراہ مملکت ہوتا ہے اور اپنے عہد میں ملکہ الزبتھ دوم نے 16 بار آسٹریلیا کا دورہ کیا۔