شہد کی مکھیوں کے حملے سے کوما میں جانیوالا شخص ہوش میں آگیا

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

خطرناک افریقی شہد کی مکھیوں کے تقریباً 20 ہزار ڈنک کا سامنا کرنے والا 20 سالہ امریکی شخص موت کے منہ سے واپس آگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹن بیلامی گزشتہ ہفتے امریکی ریاست اوہائیو میں گھر میں لگا ایک درخت کاٹ رہے تھے کہ جب انہوں نے انجانے میں درخت پر لگے  شہد کی مکھیوں کے چھتے کو بھی کاٹ دیا۔

جیسے ہی شہد کی مکھیوں کا چھتا گرا، ہزاروں مکھیوں نے  آسٹن پر حملہ کردیا۔

رپورٹس کے مطابق شہد کی مکھیوں کے حملے میں آسٹن کے چچا اور ان کی دادی بھی زد میں آئیں،انہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب  آسٹن کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ائیر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں کوما کی حالت میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔

تاہم اب ایک ہفتے کے بعد آسٹن بدھ کے روز کوما سے باہر آگئے۔

آسٹن کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کو 20 ہزارسے  زائد بار شہد کی مکھیوں نے ڈنک مارے جبکہ تقریباً 30 مکھیاں اس کے منہ میں بھی چلی گئی تھیں۔