غیر معمولی بیماری کے باعث دن میں 10مرتبہ بیہوش ہونیوالی خاتون

لنڈسی کو اس بیماری کی علامات 2015 میں کمر اور پیٹ میں درد کے ساتھ ظاہر ہونا شروع ہوئیں/ فائل فوٹو
لنڈسی کو اس بیماری کی علامات 2015 میں کمر اور پیٹ میں درد کے ساتھ ظاہر ہونا شروع ہوئیں/ فائل فوٹو

امریکی خاتون لنڈسی جونسن کو ایک غیر معمولی بیماری ہے جس کے باعث وہ دن میں 10 مرتبہ بے ہوش ہوکر گرتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست میئن کے شہر بانگور سے تعلق رکھنے والی لنڈسی کو postural tachycardia syndrome  (PoTS) ہے اور ان کا کہنا ہےکہ انہیں کشش ثقل سے الرجی ہے۔

رپورٹس میں 28 سالہ خاتون کی بیماری سے متعلق بتایا گیا ہے کہ وہ بے ہوش ہوئے بغیر تین منٹ سے زیادہ کھڑی نہیں رہ سکتیں اور بعض اوقات انہیں 23 گھنٹے تک بستر پر رہنا پڑتا ہے۔

لنڈسی کو اس بیماری کی علامات 2015 میں کمر اور پیٹ میں درد کے ساتھ ظاہر ہونا شروع ہوئیں، گزرتے وقت کے ساتھ وہ دن میں کئی کئی الٹیاں کرکے بے ہوش ہونے لگیں۔

آخر کار فروری 2022 میں لنڈسی میں ایک ایسی بیماری کی تشخیص ہوئی جس کی وجہ کھڑے ہونے پر ان کے دل کی دھڑکن غیر معمولی ہوجایا کرتی تھی، اس حوالے سے لنڈسی نے کہا کہ میں نے کبھی زندگی میں نہیں سوچا تھا کہ مجھے 28 سال کی عمر میں شاور چیئر استعمال کرنا پڑے گی۔

اپنی بیماری سے قبل لنڈسی جونسن بحریہ میں ڈیزل مکینک کے طور پر کام کرتی تھیں، وقت کے ساتھ ساتھ حالت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں 2018 میں بحریہ سے فارغ کردیا گیا۔

تاہم بیماری کی تشخیص کے بعد لنڈسی کی حالت میں تھوڑی بہتری آنے لگی ہے کیونکہ انہیں اب ادویات دی جارہی ہیں۔