بھارت جنونیوں کواسلام کی توہین سے روکے، طالبان حکومت

بھارتی حکومت اپنے رہنماؤں کو مسلمانوں کے جذبات مشتعل کرنے کی اجازت نہ دے،طالبان ترجمان:فوٹو:فائل

افغانستان کی طالبان حکومت نے بھارت کی حکمران جماعت کی رہنما کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کی ہے۔

طالبان حکومت کے ترجمان اور نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے بیان میں کہا کہ افغان حکومت بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی رہنما کی طرف سے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے بھارت کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے جنونیوں کو اسلام کی توہین کرنے اور مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔

بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے ہرزہ سرائی کی تھی۔